اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف درخواست پر داخلہ ، تعلیم اور وزارت صحت کے جوائنٹ سیکرٹریز ،ڈائریکٹر اے این ایف کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی ہے ۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ آج تک معلوم نہیں ہو سکا کہ آئس ہیروئن بنتی کہاں ہے ، جہاں بن رہی ہے اس کا کسی کو علم نہیں۔دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی ، مبینہ گروپنگ اور ٹیم سلیکشن کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر خارج کر دی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے ریمارکس دئیے کہ دیکھیں پاکستان جنوبی افریقہ سے جیت گیا ہے ۔ علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل (ر) اسددرانی نے سیکرٹری داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی ۔ ہائیکورٹ نے اسلام آباد میں مندر اور شمشان گھاٹ کی تعمیر کی درخواست پر سیکرٹری مذہبی امور اور چیئرمین سی ڈی اے سے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے ۔