لاہور،ملتان(کامرس رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر چودھری محمد سرور، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سردار تنویر الیاس، عون چودھری ، مولانا عبدالخبیر آزاد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن،سیکرٹری اطلاعات و دیگر شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر چودھری محمد سرور و دیگر شخصیات نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان پہلے بھی کشمیریوں کے ساتھ تھا، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا۔ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور وکیل ہیں اور انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے بھرپور انداز سے لڑا ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ کشمیر کی آزادی اب زیادہ دور نہیں۔ بھارت کو رسوائی کا سامنا ہوگا۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹرخالدخو رشیدنے بھی گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی ۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی موجودگی میں پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب کے نرسنگ کالجوں میں تربیت فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی شانٹی پہنائی اور گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی جسے وزیراعلیٰ عثمان بزادر نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ جلد گلگت بلتستان کا دورہ کرونگا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کو زیتون کی بنی قبائلی علاقے کی روایتی چھڑی کا تحفہ دیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے میاں چنوں اور بہاولپور کے نزدیک ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔علاوہ ازیں ملتان پہنچنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب ایئرپورٹ سے اپنی رہائش گاہ تک بغیر پروٹوکول صرف ایک گاڑی میں پہنچے ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب آج راجن پور روانہ ہوں گے ، جہاں مختلف منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔