لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عوام کرونا کے خطرات کو سنجیدہ نہیں لے رہی گھروں سے باہر نکلنا کرونا کو خود دعوت دینے کے مترادف ہے ،عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کیلئے حکومتی سطح پر ہر اقدام اٹھایا جائے گا،سماجی رابطوں میں فاصلے رکھنے سے کرونا کو روکا جا سکتا ہے ، آج کا وقتی فاصلہ ہمیشہ کے فاصلوں سے محفوظ بنائے گا،فوج کا کروناکیخلاف جنگ کیلئے 182قر نطینہ سنٹرز کا قیام اور انسداد کورونا میں تاریخی کردار قابل تحسین ہے ،قوم مشکل کی گھڑی میں ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کو بھی سلام پیش کرتی ہے ، چینی حکومت اور ڈاکٹرز کا پاکستان کاکرونا کے خلاف بھر پور ساتھ دینا پاک چین دوستی کی عظیم مثال ہے ،ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے سماجی کارکن رابنسن عزیز فرانسس سے گور نر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، سماجی کارکن رابنسن عزیز فرانسس نے گورنر پنجاب کوکرونا متاثرین کو راشن کی فراہمی کیلئے امدادی چیک دیا، گور نر پنجاب نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ کسی ایک فرد حکومت یا جماعت کا نہیں بلکہ 22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے جس میں کامیابی کیلئے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری پوری کر نا ہوگی۔