لاہور(کلچرل رپورٹر)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور گلوکار مجیب عالم کی 16 ویں برسی گزشتہ روزکراچی میں منائی گئی۔4 فروری 1948 کو بھارت کے شہر کان پور میں پیدا ہونے والے مجیب عالم نے قیام پاکستان کے کچھ برس بعد اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے کراچی میں سکونت اختیار کی۔ مجیب عالم بچپن ہی سے بے حد سریلے تھے ، انہوں نے 12 برس کی عمر میں ریڈیو کے ذریعے گلوکاری کی ۔ مجیب عالم کی ریلیز ہونے والی پہلی فلم"مجبور" تھی۔ 1966 میں انہوں نے فلم "جلوہ" اور 1967 میں "چکوری" کا ایک نغمہ ریکارڈ کروایا جس کے بعد مجیب عالم نے واپس پلٹ کر نہیں دیکھا اور اپنی مدھر آواز سے فلمی دنیا کو سجاتے چلے گئے ۔ مجیب عالم 2 جون 2004 کو کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے لیکن ان کے گائے ہوئے نغمے آج بھی مقبول ہیں۔