اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی؍ این این آئی) پاکستان کے خلاف بھارت کی ہرزہ سرائی ایک بار پھربے نقاب ہوگئی ۔ پاک فضائیہ 27فروری کو بھارتی شکست کے ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آیا۔ بھارتی طیارے کے میزائل کی نمائش کی گئی، دو میزائل درست حالت میں اور2میزائلوں کے کچھ حصے جلے ہوئے تھے ، چاروں میزائل مگ 21سے فائرنہیں کئے گئے تھے ،میزائل فائرنہ ہونے سے بھارت کاپاکستانی طیارہ مارگرانیکادعویٰ جھوٹاثابت ہوا۔ ائیر کموڈور سید عمر شاہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی ملٹری لیڈر شپ کا دعویٰ جھوٹا ہے ، ہمارے پاس رسپانس کی مکمل صلاحیت ہے اور ہم نے 27 فروری کو ایریا میں موجود بھارتی طیاروں کو لاک کیا تھا اور سب ہمارے ٹارگٹ پر تھے ، ایل او سی کے پار اہداف لاک کئے گئے مگر ان کو تباہ نہ کیا گیا اور خون بہانے سے گریز کیا گیا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کا ایئر ڈیفنس نظام بہت مضبوط ہے ، پاک فضائیہ ملکی دفاع کے لئے مکمل تیار ہے ۔علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 27 فروری کی مناسبت سے نغمہ جاری کر دیا۔پاکستان کے مایہ ناز گلوکار شجاع حیدر نے اپنے تخلیق کردہ نغمہ ’’ اﷲ اکبر‘‘میں آواز کا جادو جگایا ہے ۔