لاہور (آن لائن) سابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ گراں فروشی سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوتا ہے جس سے اوسطاً ایک گھرانے پر ماہانہ 1200سے 1500تک کا اضافی بوجھ پڑتا ہے انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو گراں فروشوں سے سختی سے نمٹنا چاہیے اوراس کے لئے روزانہ کی بنیاد پر بلا تفریق آپریشن ہونا چاہیے لیکن انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پیشگی متحرک نہ کرنے کی وجہ سے گراں فروشوں نے عوام سے سرکاری نرخوں سے زائد وصولی کی ۔مطالبہ ہے کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نہ صرف فی الفور متحرک کیا جائے بلکہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں چھٹیاں بھی منسوخ کی جائیں تاکہ عوام کو گراں فروشوں کے استحصال سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پسے ہوئے طبقات کو استحصال سے بچانے اور گراں فروشی کی روک تھام کیلئے موثر اور جدید مانیٹرنگ کا نظام نا گزیر ہے صارفین اپنے حقوق کا استعمال نہیں کرتے جس کی وجہ سے روزانہ کروڑوں روپے بلیک مارکیٹنگ کی وجہ سے گراں فروشوں کی جیبوں میں چلے جاتے ہیں۔