لاہور(عثمان علی)شہر میں گراں فروشی کا سلسلہ جاری ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا،تمام تر دعوؤں اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے باوجود بھی گراں فروشی پر قابو نہ پایا جاسکا جبکہ اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ بعض پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں ہی نہیں نکلتے اوردیگر نچلے عملے سے کارروائیاں کر واکر کارکردگی کی رپورٹ ظاہر کر دیتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شہریوں کومصنوعی مہنگائی سے بچانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات ،دعووں کے باوجو د بھی شہر میں گرانفروشی کا سلسلہ جاری ہے ۔ د کانداروں کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کی بجائے من مانے نرخوں پر فروخت جاری ہے بالخصوص سبزیوں اور پھلوں کیاقیمتوں پر مقررہ نرخوں پر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے ۔مزیدبرآں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے حوالے سے بھی یہ انکشاف ہوا ہے کہ بعض پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلنے کی بجائے آفس تک ہی محدود رہتے ہیں اور نچلے عملے کو جرمانے کی رسیدیں تھما دی جاتی ہیں اوران کی جانب سے جرمانے عائدکیے جاتے ہیں جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جرمانے کی جانے والی رسیدوں پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی مہریں بھی نہیں لگی ہوتیں جو رسید پر بھی تحریر ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اپنی مہرلگائے ۔واضح رہے کہ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھی فیصلہ کیا گیاتھا کہ مہنگائی مافیا اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی جائے گی جبکہ ڈپٹی کمشنرزاورکمشنرزکوبھی خودفیلڈ میں نکلنے کی ہدایات کی گئی تھیں مگر اعلیٰ سطحی اجلاس اور ہدایات کے باوجودبھی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اشیاء ضروریہ کے مقررہ کردہ نرخ ناموں پر عمل درآمد کروانے میں ناکام نظر آئے جس پر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے چند پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناقص کارکردگی پر صرف نوٹس دینے تک ہی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ عملی طورپربعض پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ٹھنڈے کمروں تک ہی محدود ہیں اور نچلے عملے سے کارروائیاں کروا کرسب اچھا کی رپورٹ دے دیتے ہیں جبکہ بعض اہلکاروں کے حوالے سے دوکانداروں کی جانب سے یہ شکایات بھی سامنے آئی ہیں اہلکاروں کی جانب سے دوکانداروں کے بے جا تنگ کیا جاتا ہے اور منتھلی کا بھی مطالبہ کیا جاتا ہے اور جونہ دے ان کے خلاف بلاجواز جرمانے کیے جاتے ہیں ۔اس حوالے سے ترجمان ضلعی انتظامیہ نے روزنامہ92نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بھی ایسے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس جن کارکردگی بہترنہیں تھی کونوٹسزبھی جاری کیے گئے ہیں ایسے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس جنھوں نے کارروائیوں کے لیے اپنے نمائندے رکھے ہوئے ان کے خلاف نشاندہی کی جائے ایکشن لیاجائے گا۔