لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث گینگ کے 5 ارکان کو گرفتار کرلیا۔ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر عدنان احمد کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں کارروائی پولیس کی معاونت سے کی گئی جس میں گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث ملزمان ڈاکٹر علی، مظفر شہزاد عرف ظفر احمد، 2 اسسٹنٹ اور ایک ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا جب کہ 2 ملزمان کو لاہور اور 3 کو راولپنڈی سے پکڑاگیا۔عدنان احمد نے بتایا کہ ملزمان نے فاروق مسیح نامی شخص کے دونوں گردے نکال کر 36 لاکھ روپے میں فروخت کیے اور فاروق مسیح کی لاش جناح ہسپتال لاہور کے قریب پھینک دی جب کہ ملزمان نے دونوں گردے راولپنڈی میں جس مریض کو لگائے وہ بھی بعد میں دم توڑ گیا۔ دوسری جانب مرحوم مریض حسن علی کی والدہ کا کہنا ہے کہ اس کے 30 سالہ بیٹے کے دونوں گردے فیل ہوگئے تھے ، ڈاکٹر علی نے ٹرانسپلانٹ کے 36 لاکھ رو پے وصول کیے تھے لیکن وہ زندہ نہ رہا۔