لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہاہے ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان اور گڈز ٹرانسپورٹ چلانے کا فیصلہ اچھا اقدام ہے ، وزیراعظم سے صحافیوں نے انتہائی سخت سوالات کئے لیکن انہوں نے خندہ پیشانی سے جواب دیا، عمران خان ٹھیک کہہ رہے ہیں کہ مکمل لاک ڈائون انتہائی خطرناک ہوگا۔پروگرام مقابل میں میزبان ثروت ولیم سے گفتگو میں انہوں نے کہا مجھے کئی لوگوں نے کہا وزیراعظم اب ٹھیک کام کررہے ہیں لیکن ان پر تنقید کی جارہی ہے ، کرونا وائرس کے خلاف جنگ عوام سے مل کرہی جیتی جاسکتی ہے ،اگر حکومت کے پاس پیسے نہیں تووہ کہاں سے دیگی، ماضی کی حکومتوں نے صحت اور تعلیم پر کوئی کام نہیں کیا ، عمران خان کو چاہئے تھا اپوزیشن کی بات سنتے ، موجودہ اقدامات اوروزیراعظم کی شش وپنچ کے حوالے سے ان کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ٹھیک نہیں کیونکہ انہیں عثمان بزدار، زلفی بخاری اورعلی زیدی کو تبدیل کرنے کا کئی بار کہا گیاتھا لیکن وہ نہیں مانے ۔ سب سے بڑا مرض جہالت ہے ، اس وائرس کامقابلہ تنہائی اور گھر پر رہ کر احتیاط کے ساتھ کیا جاسکتاہے ، صابن سے ہاتھ دھوئے جائیں،لیموں کا استعمال کیاجائے ، کلونجی کا پائوڈر بنا کر لیاجائے ، امریکہ نے کروناکو غیر سنجیدگی سے لیا اوراب نیویارک اس کا مرکز بن گیا ہے ۔کروناوائرس سازش کے حوالے سے دو تین مفروضے ہیں کہ ا س کو برطانیہ ، امریکہ اورکینیڈا نے مل کربنایا لیکن یہ طے کرنا سائنسدانوں کا کام ہے ، فرض کریں اگر اس میں کوئی سچائی بھی ہے تو امریکہ اوربرطانیہ نے اس کوکیوں غیرسنجیدگی سے لیا،مجھے تو اس میں سچائی نظر نہیں آتی ،اگر یہ امریکہ برطانیہ کی سازش ہے تو کیا ان کی سول سوسائٹی انہیں معاف کریگی۔