مکرمی ۔ شمالی لاہور کے علاقے میں واقع گورنمنٹ سعیدہ اسلامیہ گرلز ہائی سکول سکیم نمبر 2 وسن پورہ کے سکول کے مین گیٹ کے سامنے ایک خالی پلاٹ میں گندگی کے ڈھیروں سے لوگ مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے بلکہ کرونا وائرس جیسی بیماری اور ڈینگی مچھروں مکھیوں کو کھلے عام دعوت دے رہے ہیں انتہائی دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہ سکول باغوں کے شہر لاہور میں واقع ہے جس کی صفا ئی کا سالانہ بجٹ 12 ارب روپے سے بھی زائد ہے جو حکومت اور سکول انتظامیہ سمیت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے سکول ہذا میں طالبات کے والدین اپنے بچوں کو جب سکول چھوڑنے اور چھٹی کے وقت لے جانے کے لیے آتے ہیں تو ان والدین کو اس مین گیٹ پر پر اس تعفن زدہ بدبودار ماحول میں انتظار کرنا اور وہاں پر کھڑے ہونا ایک عذاب سے کم نہیں حیرت اور بدقسمتی کی بات ہے کہ ایسے ماحول میں اس سکول میں اس وقت تقریباً پندرہ سو طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہی ہیں اور اس سکول میں تقریباً 60 کے قریب سٹاف تدریسی فرائض انجام دے رہا ہے۔اگر فوری طور پر اس گندگی کے ڈھیروں کو یہاں سے نہ اٹھوایا گیا تو یقین جانیے آنے والے وقت میں سکول میں کرونا اور ڈینگی جیسی بیماریوں کو کوئی نہیں روک سکے گا۔سکول سے کرونا کا ایک بھی کیس سامنے آیا تو یہ تمام تر پنجاب حکومت کی غفلت و لاپرواہی کا نتیجہ ہوگا۔ (گلزار ملک۔ لاہور)