لاہور، ہارون آباد ، حافظ آباد، پاکپتن ، جیکب آباد، پشاور ( اپنے رپورٹر سے ، نمائندہ 92نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار، نیوز رپورٹر ) لاہور سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں، مشرقی بلوچستان اور صوبہ سندھ میں شدید گرمی سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئے ، دن کے اوقات میں سڑکیں اور بازار سنسان ہوگئے ، روزہ دار نڈھال ہو گئے ، ہارون آباد میں گرمی سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، ملک بھر میں متعدد افراد بے ہوش ہوگئے ، جیکب آباد میں پارہ 50 سنٹی گریڈ تک پہنچ گیا، خیبر پی کے میں شدید گرمی کے ساتھ لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے اور حکومت کو بد دعائیں دیتے رہے ، حکومت کے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے ، زیا دہ سے زیا دہ درجہ حرارت جیکب آباد،لاڑکانہ 50، دادو 49، سکھر،موہنجوداڑو ،نورپورتھل، رحیم یار خان اور بہاولنگر میں48ڈگری ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں زیا دہ سے زیا دہ درجہ حرارت سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، آج بھی بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے ۔ ہارون آباد اور نواح میں شدید گرمی کی لہر میں درجہ حرارت 45 سنٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا، 121 سکس آر کا رضوان گرمی کے باعث جاں بحق ہوگیا متعدد افراد بے ہوش بھی ہوئے ۔ جیکب آباد میں گویا سورج آگ اگلنے لگا اور درجہ حرارت 50سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، اس پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو بے حال کردیا، حکومت کی جانب سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے دعووں کے باوجود گرم ترین علاقے جیکب آباد میں لوڈشیڈنگ ہوتی رہی، سٹی ون فیڈر کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیا گیا تھا مگر یہاں بھی گھنٹوں کیلئے بجلی بند کی جا رہی ہے ، مشروبات اور برف کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں، سڑکیں اور بازار سنسان ہوگئے ہیں، پختونخوامیں شدید گرمی سے پارہ 41 تک جاپہنچا ہے ، لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں اور گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں ،سحری اور افطار میں بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، پشاور کے مضافاتی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ کی جاتی رہی، پشاور کے اطراف دیہات میں بجلی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے ۔حافظ آباد اور پاکپتن میں بھی شدید گرمی سے لوگ بلبلا اٹھے ، پاکپتن میں پارہ 44 ڈگری تک پہنچ گیا۔