لاہور(نامہ نگار)وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے سیاحت کے ویژن کے تحت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے پی آئی اے اور انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے مابین ایک یاداشت پر دستخط کئے گئے ۔ اس باہمی معاہدے کے تحت پی آئی اے کی پروازوں سے بیرون ملک سے بزنس کلاس اور اکانومی ایگزیکٹو کلاس میں سفر کرنے والے مسافر انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ کے تحت ناران ، بھوربن اور بالاکوٹ میں مفت قیام کر سکیں گے ۔ تقریب میں پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک، چیئر مین انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ ایلن رچرڈز، پاکستان میں گروپ کے چیف ایگزیکٹو نور الآصف اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے اعجاز مظہر و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے اس معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے پاکستان میں سیاحت کے مشن کو فروغ دینے میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔ چیئر مین انٹرنیشنل انوسٹمنٹ ہاسپٹیلٹی گروپ ایلن رچرڈزنے کہا کہ وہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔