مکرمی! فنانشل ایکشن ٹاسک فورس پاکستان سے تو دہشت گردی کے خلاف تمام اقدامات پورے کروا رہا ہے۔ مگر اس کو سرکاری سرپرستی میں ہونیوالی بھارتی دہشت گردی کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ پاکستان اپنے مخلص دوستوں کا شکر گزار ہے کہ وہ بھارت کی ’’دکھتی رگ‘‘ کو بخوبی پہچانتے ہیں اور اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاکستان کا کسی دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ بھارت اور اسکے حواری ہمیشہ کی طرح عالمی اداروں میں پاکستان کو زچ اور رسوا کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے۔ اب بھی پاکستان کے گرے لسٹ سے باہر آنے پر صرف بھارت ہی معترض ہے۔اسی مخالفت کے پیش نظر چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ عالمی ریاستوں کوایف اے ٹی ایف کے فورم کو اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے سیاست کی نظر نہیں کرنا چاہیے۔ یہاں کچھ ممالک پاکستان کو بلیک لسٹ کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ ان کے کچھ سیاسی عزائم اور مفادات وابستہ ہیں، جبکہ چین اس بات پر ان کی شدت سے مخالفت کرتا رہے گا۔مستقبل میں چین کی لابنگ اور نجی کنسلٹنٹ کی مدد سے 75 فیصد امکان ہے کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔ سب ممبران نے ان موثر انداز میں کئے گئے اقدامات پر ہماری تعریف کی ہے۔ مگر ان سب کے باوجود بھارت نہیں چاہتا کہ پاکستان گرے لسٹ سے باہر آئے۔(شہزاد احمد، ملتان)