لاہور، اسلام آباد ، ملتان، پشاور ، میاں چنوں ، جتوئی ، سرگودھا،فیصل آباد،شیخوپورہ ، وہاڑی ، پنڈی بھٹیاں (سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ، نمائند گان 92 نیوز)صو بائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف جمعہ کے روز یوم احتجاج منایا گیا، نماز جمعہ کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے ، ریلیاں نکالی اور مظاہرے کئے گئے ، فرانسیسی پرچم اور فرانسیسی صدر کی تصاویر نذر آتش کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فرانس میں گستا خانہ خا کوں کی اشاعت کے خلاف نیشنل مشائخ کونسل ،جمعیت علما اسلام،تحریک دعوت حق ، ورلڈپاسبان ختم نبوت اور دیگر مذہبی جماعتوں ،اداروں ، سول سو سائٹی اور تاجروں کی جانب سے جمعہ کو یوم احتجاج کے طور پر منا یا گیا۔مختلف مقامات پر مظا ہرے کئے گئے ، مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں علماء نے نبی کریم ﷺ سے عشق وعقیدت کے حوالے سے خطابات دئیے ۔علما نے احتجاجی قرار داد یں منظور کرائیں جس میں فرانس کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم اور فرانس کے صدر کے اس عمل کو عالم اسلام کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا ۔حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فرانسیسی مصنوعات پر پابندی اور سفیر کو ملک بد ر کرے ۔ ہفتہ عشق رسول ﷺکے سلسلے میں ایل ڈی اے کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ پشاور،ملتان، فیصل آباد ،سرگودھا ،شیخوپورہ، وہاڑی، عارفوالا ، پنڈی بھٹیاں ، کرمانوالہ ،ہارون آباد، میاں چنوں،محسن وال،اوچ شریف،علی پور،دھنوٹ،جتوئی میں بھی ریلیاں نکالی اور مظاہرے کئے گئے ۔خاران میں ہندو برادری کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔اسلام آباد میں و کلا سڑکوں پر نکل آئے ۔ اسلام آباد میں احتجاج کے دوران فرانس کی ا یمبسی میں داخل ہونے پر 6افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔