مکرمی! مغرب کے مختلف ممالک میں وقتاً فوقتاً رحمت اللعالمین ﷺکی شان میں گستاخی ٗ قرآن کریم کی بے حرمتی کی ناپاک حرکتیں منظر عام پر آتی رہی ہیںاور یہ تسلسل جاری ہے۔جن کا بنیادی مقصد امت ِ مسلمہ کی دِ ل آزاری اور جذبات کو مجروح کرنا ہوتا ہے۔ دُنیا میں جتنے بھی راہنما تشریف لائے ٗ وہ انسانی معاشرت کی راہنمائی ٗ رشد وہدایت کے لیے آئے۔ ان تمام میں سے نبی پاکﷺ وہ مقدس ترین ہستی ہیں جو تمام جہانوں کے لیے ہدایت ہی نہیں ٗ بلکہ رحمت بھی ہیں۔ اِس مقدس ہستی کی عزت و توقیر نے ہی انسانیت کو عزت و احترام ٗ امن ٗ بھائی چارہ ٗ آداب زندگی ٗ اور زندگی کا شعور بخشا۔ان کی توہین گویا پوری انسانیت کی توہین ہے۔ ہر ذی شعور یہ بخوبی جانتا ہے کہ اللہ پاک نے یہ کائنات اپنے محبوب نبی پاکﷺ کے لیے تخلیق کی اور آپﷺ کی بدولت ہیں سارئے جہانوں کے اندر جان ہے اور نظام ِ کائنات ان ہی کی بدولت رواں دواں ہے۔ اسلام وہ امن پسند دین ہے جو نام ہی امن، بھائی چارے ٗ محبت ٗ الفت، خیر خواہی کا نام ہے۔ پوری دُنیا کا امن تباہ کرنے کی ایسی کوشش کو روکنے کے ساتھ ہی ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ ہر مذہب ٗ قوم کے عقائد ٗ مقدس مقامات ٗ مقدس ہستیوں کی عزت و تکریم ہمیں اسلام نے بتائی ہیں۔ اسلام ہی دین ِ فطر ت ہے اسی میں بھلائی ہے۔اور پھر یہ واقعات امت ِ مسلمہ کو جھنجوڑ رہے ہیں کہ متحد ہو جائیں۔ (عابد ضمیر ہاشمی‘ آزاد کشمیر)