اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)ایک سال میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 204 روپے مہنگا ہوا جس سے قیمت 844 سے بڑھ کر 1048 روپے ہو گئی۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک ٹماٹر 27 روپے ، سرخ مرچ 109روپے ، مرغی 39 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ایک سال میں انڈے 33 روپے درجن، گڑ 20 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔اس کے علاوہ دال مونگ 92، دال ماش 68، دال مسور 34، دال چنا 10 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ جولائی 2019ء سے جون 2020ء تک چاول 6 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔چھوٹا گوشت 80 روپے اور بڑے گوشت کی قیمت میں 41 روپے اضافہ ہوا۔ ایک سال میں آلو 26 روپے ، لہسن 3 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔رپورٹ کے مطابق دودھ 7 روپے لٹر، خشک دودھ 390 گرام 46 روپے ،گھی 50 روپے فی کلو، چائے 190 گرام 19 روپے ، دہی 5 روپے اور کیلے کی قیمت میں فی درجن 3 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔ 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال میں اوسط مہنگائی کی شرح 10.74 فیصد رہی۔ مالی سال 2018-19ء میں اوسط مہنگائی کی شرح 6.80 فیصد تھی۔