لاہور(عمران راج)بین الاقوامی شہرت یافتہ میوزک بینڈ ایکسنٹ کے بانی گلوکار اینڈرین ثانا نے پاکستان سے اظہار محبت کرتے ہوئے یوم پاکستان پر پاکستانی پرچم کیساتھ اپنی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی۔ گلوکار نے پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی اور دوبارہ پاکستان آنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔اینڈرین ثانا نے کہا پاکستان میں اپنے پرستاروں کو بہت مس کر رہا ہوں، جلد انکے سامنے پرفارم کروں گا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں انہوں نے دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنی یادوں کو تازہ کیا۔ ایکسنٹ میوزک بینڈ کا تعلق رومانیہ سے ہے ، گلوکار کے قریبی ذرائع نے روزنامہ 92نیوز کو بتایا کہ اینڈرین دنیا بھر میں پرفارم کرتے ہیں اور انہیں پاکستان کے دورے کے بعد یہاں کے پرستاروں سے بے پناہ محبت ہو چکی ہے ،جسکی وجہ سے عید یا یوم آزادی کا موقع ہو، وہ اس حوالے سے ٹویٹس کرتے ہیں اور اسی وجہ سے بہت سے بھارتی شہری ان کا برا بھلا کہتے ہیں، لیکن انہوں نے کبھی پروا نہیں کی اور پاکستانیوں سے مزید محبت کا ثبوت دیا جبکہ وہ رواں سال پاکستان کا دورہ بھی کر رہے ہیں۔