لاہور (نامہ نگارخصوصی،صباح نیوز ) لاہور ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے وکلا سے کہا ہے کہ ڈاکٹروں سے گلے ملکر معاملہ ختم کریں۔لاہور ہائیکورٹ میں وکلا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نمائندے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی عدالت میں گئے اور ان سے عدالتی امور بند کرنے کی استدعا کی۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ان سے کہا عدالت اپنا کام کرے گی یہ میری ذمہ داری میں شامل ہے ۔ کوئی وکیل کیسز کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتا تو اس کی اپنی مرضی ہے لیکن مقدمات عدم پیروی پرخارج نہیں کئے جائیں گے ۔ عدالت نے احتجاجی وکلا کو مشورہ دیا کہ سینئراورنوجوان وکلا گلدستے لے کرپی آئی سی جائیں، وکلا ڈاکٹروں سے گلے ملکر معاملہ ختم کریں۔