لاہور(نمائندہ خصوصی سے )ن لیگ نے آٹے اورگندم کے بحران پر پارلیمانی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خود اپنی جماعت میں فارورڈ بلاک بنوایا ،پنجاب کی تمام پالیسیاں وفاق سے آتی اور وہیں سے کنٹرول ہوتی ہیں، پہلے کہتے تھے کہ حمزہ شہباز پولٹری اور انڈوں کے ریٹ بڑھاتے ہیں اب تو وہ جیل میں ہیں، اب قیمتیں کون بڑھا رہے ۔ ان خیالات کا اظہار ن لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری ، ملک احمد خان اور خلیل طاہر سندھو نے رانااقبال کی زیر صدارت کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ملک ندیم کامران ، ذکیہ شاہنواز، عطا اﷲ تارڑ،پرویز ملک، خواجہ عمران نذیر ،رانا ارشد،پیر اشرف رسول اور دیگر نے شرکت کی۔ملک احمد خان نے کہا کہ آٹا بحران حکومت کی مکمل ناکامی ہے ۔وزرا کو اس کا ذمہ دار قرار دیا جانا چاہیئے ۔گندم کس کے کہنے پر برآمد کی گئی اور اب مہنگے داموں درآمد کی جا رہی ہے ۔اس سے کون کمائے گا۔عمران خان نے سول نافرمانی کی باتیں کیں لیکن ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے ۔انہوں نے اپوزیشن میں ہر معاملے پر سیاست کی لیکن ہم ایسا نہیں کرنا چاہتے ۔عظمی بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل واوڈا کو مرگی کی بیماری ہے ، وہ جوتا سونگھ کر ٹھیک ہو جاتے ہیں۔گھروں تک آنے کی روایت پی ٹی آئی نے شروع کی جسے ہم تو برداشت کر لیں گے لیکن یہ برداشت نہیں کر سکیں گے ۔حکومت میری خواہشات کا احترام کرتی ہے تو میری ایک اور خواہش کا احترام کرتے ہوئے مستعفی ہو جائے ۔