اسلام آباد(اظہر جتوئی) گندم کے بحران پر قابو پانے کیلئے نیشنل لاجسٹکس سیل( این ایل سی) میدان میں آگیا اور برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پرملک بھر میں55725 میٹرک ٹن سے زائد گندم کی ترسیل کر دی جبکہ28 فروری سے پہلے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ترسیل کا ہدف پورا کر لیا جائیگا۔ این ایل سی ذرائع کے مطابق صوبہ سندھ میں گندم کی قلت پر قابو پانے کیلئے نیشنل لاجسٹکس سیل کا گندم کی ترسیل کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ پاسکو کے مختلف گوداموں سے جمعرات کو234 سے زائد گاڑیاں حیدر آباد اور کراچی کیلئے روانہ کی گئیں جن پر 11975میٹرک ٹن مزیدگندم بھجوائی گئی ۔مجموعی طور پر اب تک1209 گاڑیوں کے توسط سے 55725 میٹرک ٹن سے زائد گندم کی ترسیل مکمل کی جا چکی ہے ۔ خانپور، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر،بوریوالا،ملتان، ساہیوال، علی پور اور ڈیرہ اللٰہ یار میں واقع پاسکو کے گوداموں سے گندم ہنگامی بنیادوں پراٹھائی جا رہی ہے تاکہ حیدر آباد اور کراچی ڈویژن میں پیدا ہونیوالی گندم کی کمی کو بر وقت پورا کیاجا سکے ۔ این ایل سی کی گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر سات سے دس ہزار میٹرک ٹن گندم اٹھا رہی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ 28 فروری 2020 سے پہلے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ترسیل کا حدف پورا کر لیا جائیگا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 1978 میں اپنے قیام سے لیکر اب تک این ایل سی حکومت کے کرائسس مینجمنٹ ادارے کی حیثیت سے ملک و قوم کی خدمت میں پیش پیش ہے ۔