لاہور(رپورٹ : بابر علی /تصاویر : محمد کلیم) صوبائی دارالحکومت کے علاقے شیر شاہ کالونی کاعبدالستار ایدھی پارک انتظامی غفلت کا شکار ہونے کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کو مسائل کا سامنا ہے ۔ خواتین اور بچوں کے لئے مختص پارک کے اندر اور باہر گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جبکہ جھولاٹوٹا ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رائیونڈ روڈ پر یو سی 269 کے علاقے شیر شاہ کالونی میں قائم عبد الستار ایدھی لیڈیز پارک سہولیات موجود ہو نے کے باوجود بد انتظامی کی وجہ سے خواتین اور بچوں کو پریشانی کا سامنا ہے ۔پارک کی دیوار کے ساتھ اور سامنے موجود خالی پلاٹوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر موجود ہو نے سے تعفن پھیلتا ہے جبکہ پارک کے اندر بھی صفائی کی صورتحال ناقص ہے ۔ پارک میں بھی جگہ جگہ کوڑا کرکٹ موجود ہے ۔ مزید برآں پارک کے پلے ایریا میں پانی کھڑا ہو نے سے بچوں کو تنگی کا سامنا ہے جبکہ جھولا بھی ایک سال سے زائد عرصہ سے ٹوٹا ہوا ہے ۔ پارک شیر شاہ کالونی میں پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کا پراجیکٹ ہے ۔ پارک خواتین اور بچوں کے لئے مختص ہے لیکن نوجوانوں کو داخلے سے روکنے کے لئے ایک بھی سکیورٹی اہلکار تعینات نہیں ۔