کوئٹہ+گوادر+کوہلو ( سٹاف رپورٹر ،کرائم رپورٹر+ نامہ نگاران)گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 مزدور جاں بحق 2 زخمی ہو گئے ، کوہلو میں بارودی سرنگ پھٹنے سے دھماکہ میں دو لیویز اہلکار زخمی ہوگئے ۔ گوادر کے علاقے جیونی گنز کے مقام پر ایک ہاؤسنگ سکیم میں نامعلوم مسلح افراد نے مزدوروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں5 مزدور نعیم احمد، زین اﷲ، محمد شکور، ارشاد علی اور عبدالحمید موقع پر جاں بحق ہو گئے جن میں سے دو کا تعلق کراچی سے ہے ۔صوبائی وزیر داخلہ سلیم کھوسہ نے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ڈی سی گوادر سے فوری رپورٹ طلب کرکے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کر دی۔ لیویز کے مطابق کوہلو تحصیل کاہان لکڑ وڈھ میں بارودی سرنگ دھماکے کے نتیجے میں 2 ا ہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ادھرایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفساد کے تحت مستونگ کے علاقے اسپلنجی اورقلعہ عبداﷲ کے علاقے دولنگی میں کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلی۔دولنگی میں بھی خفیہ اطلاع پر کارروائی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا جس میں 480 کلو گرام منشیات 2عدد آر پی جی سیون بم ، 5 عدد راکٹ میزائل ، 7 عددآر پی جی سیون ہیٹ بم ، 2 عدد 81 مارٹر بم ، 6 عدد ہینڈ گرنیڈ ، 7 عدد آر پی جی سیون فیو ز اور مختلف ساخت کے ہزاروں راؤنڈز شامل ہیں۔