اسلام آباد(خبر نگار،92 نیوزرپورٹ)مالی گوشوارے جمع نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے 154اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کردی ۔رکنیت معطل ہونیوالوں میں سینٹ کے 3 ،قومی اسمبلی کے 48 ، پنجاب اسمبلی کے 52 ارکان شامل ہیں جبکہ سندھ اسمبلی کے 19، خیبر پختونخوا کے 26اوربلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان کو بھی معطل کیا گیاہے ۔ الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق مالی گوشوارے جمع ہونے تک معطل کیے جانیوالے اراکین قومی اسمبلی ،سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل رہے گی ۔جن اہم ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کی گئی ان میں وفاقی وزراء فواد چودھری، علی زیدی،فہمیدہ مرزا،ایم این ایز عامر لیاقت حسین اور خالد مقبول صدیقی شامل ہیں ۔ سینیٹرز مصدق ملک، کامران مائیکل اور شمیم آفریدی کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے ۔صوبائی اسمبلی کے ارکان میں سردار یار محمد رند اور اختر لانگو،ناصر حسین شاہ بھی شامل ہیں۔الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئر مین سینٹ اور قومی وصوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز کو آگاہ کیا گیا ہے کہ معطل ارکان ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکتے اور گوشوارے جمع کروانے تک انکی رکنیت معطل رہے گی۔