اسلام آباد ، کراچی،لاہور(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ،92 نیوز رپورٹ ، صباح نیوز، این این آئی ،آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدرمیاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں دو بیانیے اور نہ ہی کسی قسم کے اختلافات ہیں، شفاف الیکشن مانگنا مفاہمت یا مزاحمت نہیں بلکہ ہمارا حق ہے ، مہنگائی اور بڑھتی بے روزگاری کے باعث عوام نے کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا ،سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شہباز شریف نے شرح سود میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام گوجرانوالہ ڈویژن کا اجلاس اسلام آباد میں ہواجس کی صدارت نواز شریف اور صدر میاں شہباز شریف نے کی ، اس موقع پر احسن اقبال ، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، خرم دستگیر، امیر مقام و دیگرسینئر رہنما شریک ہوئے جبکہ مریم نواز اور حمزہ شہباز نے لاہور سے آن لائن شرکت کی ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 3سال کے ناکام تجربے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ، مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب تاریخی ناکامیوں ، کرپشن اور عوامی مایوسی کو اداروں اورمیڈیا پر حملوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔پیر کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پورا ملک انتظار کررہا ہے کہ جو بائیڈن، وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرے گا تو پھر حکومت چلے گی۔ اگر حکومت نے موجودہ چیئرمین نیب کی مدمت ملازمت میں توسیع کی بدنیتی پر مبنی کوشش کی تو ہم اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔ ادھر مسلم لیگ(ن)ملتان ڈویژن کا اجلاس آج لاہور جبکہ ن لیگ سرگودھا ڈویژن کا اجلاس کل ہوگا۔۔دریں اثنا کراچی کی ہجرت کالونی میں شمولیتی جلسے میں عوامی نیشنل پارٹی کے کئی عہدیداروں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔