فیصل آباد(نیوزرپورٹر)گورنر پنجاب چودھری سرور کی یقین دہانی پر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا سکندر اعظم خاں نے فیصل آباد میں احتجاج اور ہڑتال موخر کردی ۔ صنعتکاروں کے ٹیکسوں سے متعلقہ مسائل حل کرانے کیلئے مقامی ایم این ایز کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ۔گورنرپنجاب نے مقامی صنعتکاروں ،تاجروں کے سامنے ری فنڈز جلد جاری نہ کرنے کو غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ری فنڈ زجلدجاری نہ ہونے سے سرمائے کی قلتکا احساس ہے ، اسی وجہ سے 72 گھنٹوں میں ری فنڈ جاری کرنے کا کمپیوٹرائزڈ نظام لایا گیا ، بجلی وگیس سمیت صنعتکاروں ، تاجروں کے تمام مسائل کو حل کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈ انڈسٹری کے بورڈ روم میں ہونے والے اجلاس میں گورنر چودھری سرور، ایم این اے خرم شہزاد، فیض اﷲ کموکا، ایم پی اے لطیف نذرگجر، شکیل شاہد ،صد رفیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رانا سکندر اعظم خاں ، چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدرظفر اقبال سرور ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میاں نعیم احمد ، وائس چیئرمین عارف احسان ملک ودیگر بھی موجود تھے ۔میاں نعیم احمد نے بتایا کہ مسائل حل کرنے کے لئے گورنر پنجاب نے فیصل آباد کے چاروں ایم این ایز پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جس کے چیئرمین فیض اﷲ کموکانے ایف بی آر کے مقامی دفتر میں چارفروری کو اجلاس بلایا ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاجی تحریک کا لائحہ عمل تیار کرکے جلسے ، ہڑتال اوردیگر آپشن بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔