لاہور(خصوصی نمائندہ) گور نر پنجاب چودھری سرور نے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر سمیت 751اراکین یورپی پارلیمنٹ کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف شہریت قانون کیخلاف خط لکھ دیا۔بھارت کی جانب سے کشمیر اور بھارت میں اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کے 7کنونشنز کی خلاف ورزی کی نشاند ہی بھی کر دی، 30جنوری کو بھارت کے خلاف یورپی پار لیمنٹ میں قرارداد کی منظوری کیلئے اراکین یورپی پار لیمنٹ سے ووٹ دینے کا مطالبہ کر دیا۔گورنر پنجاب کی جانب سے یورپی پار لیمنٹ کے نائب صدر فابیو ماسیمو کاستالدو سمیت سات سو سے زائد یورپی اراکین پار لیمنٹ کو لکھے جانیوالے خط میں گور نر نے بھارتی شہریت قانون اورکشمیر یوں پر مظالم کے خلاف یورپی پار لیمنٹ میں قراردادجمع کرانے پر یورپی اراکین پار لیمنٹ کا بھرپور شکر یہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آج بھی امن کی بات کر رہا ہے اوروزیر اعظم عمران خان دنیا بھر میں کشمیر یوں کے سفیر بن کرانکا مقدمہ لڑ رہے ہیں کیونکہ امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل لازم ہو چکا ہے ۔