اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) الیکشن کمیشن نے گوشواروں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 318 اراکین پارلیمنٹ اورصوبائی اسمبلیوں کی رکنیت معطل کردی۔وفاقی وزیرقانون محمدفروغ نسیم ، فواد چودھری، وفاقی وزیرنورالحق قادری،طارق بشیر چیمہ،زرتاج گل ،ڈپٹی سپیکر پنجاب سردار دوست محمد مزاری رکنیت معطل ہونے والے ارکان میں شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں ارکان پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی کے کل 1195ارکان میں سے 876ارکان نے اثاثوںکی تفصیلات جمع کرائی ہیں جبکہ باقی 318ارکان تفصیلات جمع نہیںکراسکے ۔ معطل شدہ پارلیمنٹرینز اسمبلی اجلاس اور قانون سازی میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ اس متعلق الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریزکو آگاہ بھی کردیاہے ۔معطل شدہ ارکان میں قومی اسمبلی کے 70اورسینیٹ کے 12اراکین کی رکنیت، پنجاب اسمبلی کے 115، سندھ اسمبلی 40، کے پی کے اسمبلی 60 اور بلوچستان اسمبلی کے 21 ممبران شامل ہیں۔جن ارکان کی رکنیت معطل ہوئی ان میں وفاقی وزیر فواد چودھری، وفاقی وزیرنورالحق قادری، صداقت عباسی، عامر کیانی، ثنائاللہ مستی خیل، فرخ حبیب،راجا ریاض، طارق بشیر چیمہ ،زرتاج گل،عامر لیاقت حسین،عالمگیرخان، عبدالقادر پٹیل، برجیس طاہر، شندانہ گلزار خان، راجا پرویزاشرف،علی خان جدون ارباب عامر ایوب،پارلیمانی سیکرٹری وجہیہ اکرام،جویریہ ظفر، منزہ حسن اور نور الحسن تنویرشامل ہیں۔سینٹ سے رانا محمود الحسن ، مصدق ملک، حافظ عبدالکریم، نجمہ حمید، رخسانہ زبیری، ذیشان خانزادہ، سید محمد صابر شاہ ، محمد ایوب، فدا محمد، حاصل خان بزنجواور تاج محمد آفریدی شامل ہیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب سردار دوست محمد مزاری ،چودھری نثار علی خان،سمیع اللہ چودھری،اویس لغاری کی رکنیت معطل کی گئی ہے ۔ سندھ اسمبلی سے سہیل انور،نادر مگسی،سعید غنی،شہلا رضائ،شرجیل میمن شامل ہیں۔ خیبرپختونخوااسمبلی سے عاطف خان،شوکت یوسفزئی کی رکنیت معطل کی گئی ہے ۔ثناء اللہ زہری،یار محمد رند کی رکنیت بھی معطل ہوئی ہے ۔