کراچی (سپورٹس رپورٹر) ینگ مواچھ فٹبال کلب کے زیراہتمام ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید متحرمہ بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں مزید دو میچز کا فیصلہ ہوگیا جہاں سوسائٹی برادرز نے لیاری سینٹر کو1-0 اور لسبیلہ اسٹوڈنٹس نے بابر میموریل کو پنالٹی ککس پر 8-7 سے شکست دیدی۔ میچ مقررہ وقت میں 3-3گول سے برابر رہا تھا ۔ینگ مواچھ فٹبال گرائونڈ سجن گوٹھ میں جاری آل کراچی شہید متحرمہ بے نظیر بھٹو یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں سوسائٹی برادرز نے لیاری سینٹر کو1-0 سے قابو کرلیا۔ کھیل کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے لیکن پہلے ہاف میں دونوں ٹیمیں سبقت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، ہاف ٹائم میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ کھیل کے دوسرے ہاف میں سوسائٹی برادرز کی جانب سے 49 ویں منٹ میں نعمان نے گول بناکر اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلادی۔ایک گول کے خسارے میں جانیوالی لیاری سینٹر نے گول برابر کرنے کی بہت کوشش کی لیکن سوسائٹی برادرز کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر نے اپنے عمدہ کھیل سے حریف ٹیم کو گول کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔ ریفری کی اختتامی وسل پر سوسائٹی برادرز نے 1-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔ دوسرے میچ میں دو گول کے خسارے میں جانے والی لسبیلہ اسٹوڈنٹس نے بابر میموریل کوپنالٹی ککس پر 8-7 سے شکست دے دی۔ میچ مقررہ وقت میں 3-3 سے برابر رہا تھا، ناکام سائیڈ کے ارشاد نے شاندار ہیٹ ٹرک بنائی۔کھیل کے پہلے ہاف ناکام سائیڈ بابر میموریل کی جانب سے 14 ویں منٹ میں ارشاد نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی برتری دلادی جسے کھیل کے 21 ویں منٹ میں ارشاد نے ہی دوسرا گول بناکر اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا ۔ دو گول کے خسارے میں جانے والی لسبیلہ سٹوڈنٹس نے جوابی حملے میں وقفے سے پانچ منٹ قبل25 ویں منٹ میں ارسلان نے گول بناکر ٹیم کے خسارے کو2-1 کردیا۔پہلے ہاف میں بابر میموریل کی ٹیم 2-1سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں لسبیلہ اسٹوڈنٹس نے حریف کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے اور دوسرے ہاف کے 35 ویں منٹ میں طفیل نے گول سکور کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ پانچ کے بعد لسبیلہ سٹوڈنٹس کی طرف سے 40 ویں منٹ میں فرحان نے گیند کو جال میں پہنچاکر اپنی ٹیم کو میچ میں3-2 کی برتری دلادی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے والی بابر میموریل نے کھیل کے اختتام سے پانچ منٹ قبل55 ویں منٹ قبل ارشاد نے تیسرا گول بناکر اپنی ہیٹ ٹرک اسکور کرکے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔