جمرود ، رائیونڈ ، گڑھ مہاراجہ (نمائندگان 92نیوز، ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگاران) گڑھ مہاراجہ میں ٹریفک حادثے میں تین حقیقی بہن بھائی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے ، نواحی علاقہ فتح پور مظفر گڑھ روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے ، جاں بحق افراد میں شکیل کے بچے 10 سالہ رضوان، 14 سالہ ندا اور 18 سالہ ثنا شامل ہیں، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور سیال منتقل کردیا گیا۔ جمرود میں جمرود پڑانگ سم چیک پوسٹ کے قریب پاک افغان شاہراہ پر موٹر کار اور پک اپ وین کے درمیان تصادم میں 3 افراد جا ں بحق اور 7 زخمی ہوگئے ، جا ں بحق افراد میں لنڈی کوتل کا 6 سالہ بچہ محمد بھی شامل ہے ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، چار زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔ رائے ونڈ کے نواحی علاقہ راجہ جنگ کا نوجوان ناصر سندر روڈ پرمسیح نثار ملز کے قریب ون ویلنگ کرتے ہوئے جان گنوابیٹھا، عینی شاہدین کے مطابق ناصر موٹرسائیکل پر لیٹا ہوا تیز رفتاری کا مظاہرہ کررہا تھا ، سڑک کنارے کنکریٹ کے پول سے ٹکرایا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔