اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کو گیس بحران کی انکوائری رپورٹ پیش کر دی گئی جس میںسوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کو گیس بحران کا ذمہ دار قرار دیدیا ۔ وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ہوا ، جس میںوزیراعظم نے دونوں ایم ڈیز کی فوری بر طرفی کی ہدایت کی۔ کابینہ کمیٹی نے برطرفی کی سفارشات وزارت پٹرولیم کو ارسال کردیںجس میں ایم ڈیز کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جلد جاری کرنیکا کہا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ بجلی چوری کیخلاف مہم مزید تیز کی جائے ، کسی کی چوری یا بدانتظامی کا خمیازہ عوام بھگتیں یہ قبول نہیں، آئندہ ہفتے تک گیس کی کمی کو پورا کیا جائے ۔ سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ بجلی چوری کے خلاف مہم کے نتیجے میں نومبر میں ڈیرھ ارب روپے کی بچت ہوئی۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق وزیراعظم لوڈشیڈنگ پر وزرا پر برس پڑے اور کہا کہ میں دنیا سے پیسے مانگ رہا ہوں اور آپ اربوں کا نقصان کر رہے ہیں۔ادھر وزیر اعظم نے پنجاب میں نئی نوکریوں پرمنصوبہ بندی،جنگلات،شہری اراضی کی ڈیجیٹلائزیشن سمیت مختلف اجلاسوں کی صدارت کی جن میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزداروفاقی وزرااور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ صحت کے شعبہ میں جدید نظام کو اپنایا جائے تاکہ شفاف خریداری کے طریقہ کارسے بدعنوانی کو روکا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ ہسپتالوںکے بورڈز کیلئے ایماندار اور پروفیشنل افراد انتخاب کیاجائے ۔ مزید برآںعمران خان سے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری اور منورہ بی بی نے ملاقات کی اوربلوچستان سے متعلقہ ترقیاتی امور، پانی کی فراہمی اور بے روزگاری جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔