وزیر اعظم عمران خان نے گیس صارفین کو بلوں کی مد میں وصول شدہ تمام اضافی رقوم واپس کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔ گیس صارفین کے بلوں میں 30فیصد اضافہ کر کے ان پر ظلم کیا گیا ہے، پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پستے عوام پر اس قدر بوجھ ڈالنا کہاں کا انصاف ہے۔ تحریک انصاف کا نعرہ تو غربت میں کمی اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانا تھا لیکن اس کا یہ خواب تب چکنا چور ہوا جب اشیائے خورونوش کی قیمتوں میںاضافہ اور روپے کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔وزارت پٹرولیم کی ابتدائی رپورٹ میں زائد بل بھیجنے کا انکشاف ہوا تو وزیر اعظم عمران خان نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے وصول شدہ اضافی رقم واپس دینے کا حکم دیا ہے لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ماضی میں بھی اضافی رقم واپس کرنے کا کہا جاتا رہا لیکن صارفین کو وہ رقم واپس نہیں ملتی تھی اب بھی وزیر اعظم عمران خان نے گیس صارفین سے 30فیصد اضافی وصول کی جانے والی رقم واپس کرنے کا حکم دیا ہے لیکن وزارت پٹرولیم وگیس کے کرتا دھرتا صارفین کو دفاتر کے طواف میں الجھا کر یہ رقم ہضم کرجائیں گے۔ وزیر اعظم ایک بار عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کریں اس کے بعد کوئی بھی سرکاری افسر صارفین پر من پسند اضافی بوجھ ڈالنے کی جرأت نہیں کرے گا، لیکن اگر کارروائی نہیں کی جاتی تو پھر ایسی حرکتیں مستقبل میں بھی ہوتی رہیں گی اور غریب صارفین لٹتے رہیں گے۔