اسلام آباد (این این آئی )مسلم لیگ (ن) کے صدر قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف نے گیس کی قیمتوں میں حکومتی اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف کے نام پر ووٹ لے کر آنے والی حکومت نے غریبوں، مزدوروں، محنت کشوں ، کمزورومتوسط طبقات سے ریلیف چھین لیا جو عوام سے کھلا دھوکہ ہے ۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد اور اس کی مذمّت کرتی ہے ، گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ بڑھے گا،یہ اضافہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ بتایاجارہا ہے جس سے غریب، متوسط طبقات کے گھروں کے چولہے بجھ جائیں گے جو صریحا ظلم، زیادتی اور ناانصافی ہے ، اس ظلم کے نتیجے میں مہنگائی مزید بڑھے گی اوراس اقدام کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ، کھاد اور دیگر مصنوعات کا مہنگا ہونا لازم ہے ۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے صنعت اور صنعتی صارفین کو بھی بڑی مشکل میں ڈال دیا ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جس مہنگائی کے طوفان کو روکا ہوا تھا اور گیس کی قیمتوں میں پانچ سال کے دوران اضافہ نہیں کیا تھا مگر تحریک انصاف کی نوزائیدہ حکومت نے گیس کی قیمتیں بڑھا کر غریب عوام پر مہنگائی کے دروازے کھول دئیے ،ہر دن کے ساتھ یہ طے ہوتا جارہا ہے کہ اس حکومت کی کوئی پالیسی نہیں اور یہ صرف عوام پر تجربات کررہی ہے ۔