لاہور ( کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا وقت درست نہیں ہے ، اس سے صنعتی شعبے کی مشکلات میں اضافہ اور برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہونے کا اندیشہ ہے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ صنعتی شعبے کے لیے چیلنجز بڑھ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافے سے برآمدی شعبے کی پیداواری لاگت بڑھ جائے گی اور پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مزید دشوار یاں درپیش ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کاروباری شعبے کا اہم خام مال ہے ، اس کی قیمتوں میں اضافہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ روک دے گا۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے متعلق فیصلے کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں ضرور لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کرنے کے بجائے گیس کی چوری روکی جائے اور گیس کے نئے ذخائر تلاش کیے جائیں اور توانائی کے متبادل ذرائع پر بھی کام تیز کیا جائے تاکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کو سستی توانائی میسر ہو ، برآمدات بڑھیں اور معاشی مشکلات کم ہوں۔