راولپنڈی (اے ایف پی) دنیا بھر میں معروف امریکی سیریز گیم آف تھرونز کے امریکی اداکار پیٹر ڈن کلیگ کے ہم شکل پاکستانی ویٹر روزی خان کو اس سیریز کے متعلق تو کچھ بھی نہیں پتا لیکن اداکار سے مشابہت کی وجہ سے وہ کافی مشہور ہو گئے ہیں اور لوگ شوق سے ان کیساتھ تصویریں اور سیلفیاں بناتے ہیں اور پھر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ روزی خان کی نہ صرف شکل پست قد اداکار پیٹر سے ملتی ہے بلکہ ان کا قد بھی ان کے برابر ہے ۔ راولپنڈی کے ایک کشمیری ریسٹورنٹ میں کام کرنیوالے روزی خان نے بتایا کہ میں برا نہیں مانتا، بہت لوگ تصویریں بناتے ہیں جسکی وجہ سے میں ہر جگہ مشہور ہو گیا ہوں،میں نے فیس بک پر اپنی اور پیٹر کی ایک تصویر اپ لوڈ کی تو لوگ پوچھتے ہیں کہ یہ شخص کون ہے تو میں ان سے کہتا ہوں کہ یہ میرا بھائی ہے ۔روزی نے بتایا کہ میں پیٹر کو اپنا دوست اور بھائی سمجھتا ہوں اور اس سے ملنا بھی چاہتا ہوں۔ریسٹورنٹ کے مالک نے روزی خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ روزی بہت محنتی شخص ہے اور اسکی وجہ سے کافی گاہک آتے ہیں،کبھی اسکی طبیعت خراب ہو اور وہ نہ آئے تو لوگ بار بار اسکا پوچھتے ہیں اور پریشان ہو جاتے ہیں۔