کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان غالب رہا جس کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مزید47.10 پوائنٹس کی کمی سے 46674.77پوائنٹس کی سطح پرآ گیا اور50.47فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کو 20ارب 78کروڑ4لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت54.92 فیصد زائدرہا۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغازمیں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جس سے کے ایس ای 100انڈیکس 46991.97پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیاتاہم بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے حصص فروخت کا دباؤبڑھنے کے باعث انڈیکس 46628پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا۔ کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس47.10 پوائنٹس کی کمی سے 46674.77پوائنٹس پر بند ہواجب کہ کے ایس ای30انڈیکس13.26پوائنٹس کی کمی سے 19486.59پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 80.25پوائنٹس کی کمی سے 32166.69پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ۔ دریں اثنائگزشتہ روز انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید20پیسے کی کمی سے 159.50روپے اور قیمت فروخت35پیسے کی کمی سے 159.80روپے سے گھٹ کر159.35روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 300 روپے بڑھ کر 1لاکھ 12ہزار100روپے اوردس گرام سونے کی قیمت 258روپے کے اضافے سے 96ہزار108روپے ہوگئی۔