واشنگٹن(این این آئی) اعلیٰ امریکی عہدیدار برائے جنوبی ایشیا نے مودی حکومت پر زور دیا ہے فوری طور پر مذہب کی بنیاد پر ہونے والے تشدد کی مذمت کر کے انتہا پسندوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی ذیلی کمیٹی برائے امور خارجہ کے اجلاس میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی قائم مقام سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے کہا بھارت کے ساتھ ہماری بات چیت میں ہم نے ایک متنوع اور جامع معاشرے کو محفوظ بنانے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور ملک میں مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔ہم مذہب کی بنیادپر ہونے والے تشدد اور اس میں ملوث افراد کو سزا دینے کیلئے بھارت کے جمہوری طریقے سے منتخب رہنماؤں اور اداروں کی طرف دیکھتے ہیں۔ اس قسم کے اقدامات بھارت کی سلامتی اور اقتصادی مفادات کو مضبوط کریں گے بلکہ ہمارے باہمی تعلقات کو بھی بہتر بنائیں گے ۔