لاہور؍ بیجنگ(رپورٹنگ ٹیم؍ مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے بڑھ گئی۔ چین میں اب تک کورونا کے 83022 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ پاکستان میں 3 ہزار نئے مریضوں کے بعد تعداد 85581 ہوگئی ہے ، پنجاب میں 1516 نئے مریض سامنے آئے ۔ کورونا سے اموات 1790 تک پہنچ گئی ہیں، گزشتہ روز 61 افراد جان کی بازی ہار گئے ، 37 اموات پنجاب میں ہوئیں۔ سروسز ہسپتال لاہور کے شعبہ اینستھیزیا کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصود کورونا کے باعث جاں بحق ہوگئے ۔جناح ہسپتال لاہور کے مزید 10 ڈاکٹرز کا ٹیسٹ مثبت آگیا، چلڈرن ہسپتال کے بھی مزید 12 ڈاکٹرز اور 7 نرسز میں وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ایڈمنسٹریٹرداتادربارسکندرذوالقرنین کھچی کوروناکے باعث خالق حقیقی سے جاملے ۔پنجاب پولیس کے دو انسپکٹرز میاں رفیق اور ملک بابر علی جاں بحق ہوگئے ،میاں رفیق پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ اور ملک بابر بٹالین 5 پنجاب کانسٹیبلری عباس پولیس لائنز لاہور میں تعینات تھے ۔کراچی میں کورونا سے پولیس اہلکار کی ہلاکت پر غفلت برتنے پر تھانہ محرر کو فارغ کردیا گیا۔گگومنڈی میں کورونا سے پہلی ہلاکت ہوئی۔ساہیوال میں کورونا کا ایک اور مریض دم توڑ گیا۔رحیم یار خان میں سابق صدر بار عبدالمجید اور ڈاکٹر نور احمد چل بسے ۔4ایم این ایز چودھری حمید، غلام رسول، جلال دین اور ظفر بزدار کے ٹیسٹ مثبت آگئے ،پارلیمنٹ کے 10 ملازمین کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔اوقاف کے 3زونل ایڈمنسٹریٹرز اور ایک سینئر میڈیکل آفیسر کے بعد ڈائریکٹر پراجیکٹ حامد مسعود بھی کورونا کا شکار ہو گئے ، ڈائریکٹر پراجیکٹ کا ایوان اوقاف میں واقع دفتر سیل کر دیا گیا۔کورونا کے خدشہ کے پیش نظر وزارت تجارت بند کر دی گئی۔اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کا ایک اہلکار بھی وائرس کی زد میں آگیا۔شیخوپورہ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری فیضان خالد ورک ،آرگنائزڈ کرائم سیل (سی آئی اے ) انچارج انسپکٹر سلیم اختر نیازی بھی وائرس کا شکار ہوگئے ۔اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو کے ایس ایچ او نوید طاہر اور منشی قیصر کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ضلع کچہری راولپنڈی میں تعینات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور نائٹ ڈیوٹی پر موجود پولیس ہیڈ کانسٹیبل کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔گوجرانوالہ میں گزشتہ روز 78 نئے مریض سامنے آئے ۔ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والی پرواز کے 123مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے 66لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتیں 3لاکھ 91 ہزار ہوگئی ہیں۔برازیل میں گزشتہ روز ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ۔چین نے 19 روز میں شہر ووہان کی ایک کروڑ سے زائد آبادی کے کورونا ٹیسٹ مکمل کرلئے ، ایک بھی شخص کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔بھارتی دارالحکومت دہلی پہنچنے والے افراد کیلئے قرنطینہ کی مدت کو 14 روز سے کم کرکے 7 روز کردی گئی۔متحدہ عرب امارات نے اپنے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈے محدود پروازوں کے لئے کھولنے کااعلان کیا ہے ۔سپین 22 جون سے فرانس اور پرتگال کے ساتھ سرحدیں کھول دے گا۔بیلجیئم نے لاک ڈائون ختم کرنے کے تیسرے مرحلے کا اعلان کردیا۔انگلینڈ میں پبلک ٹرانسپورٹ میں ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا گیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق کورونا کے پھیلنے کی رفتار پہلے سے بہت بڑھ چکی ہے اور ہر روز ایک لاکھ سے زائد کیس رپورٹ ہورہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہاہے کہ ابھی تک ایسی کوئی دوا سامنے نہیں آئی جس کی مدد سے کورونا کا شکار ہونے والے افراد کی جانیں بچائی جا سکیں۔کورونا ویکسین کے لئے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ورچوئل اجلاس برطانیہ میں ہوا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوترس نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برداری کو وائرس سے نمٹنے کیلئے نئی ویکسین دستیاب ہوگی اور یہ ویکسین سب کیلئے ہوگی۔ کورونا