اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی نے نادر اپاسپورٹ اور امیگریشن ڈیپارٹمنٹس کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں موبائل دفاترقائم کرنے کی ہداہت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرستان کی عوام کے مسائل بلاتفریق حل کیے جائیں گئے ،وفاقی حکومت وزیرستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور فلاح کے لیے کام کرے گی۔وزیر مملکت داخلہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ایم این ایز علی وزیر اور محسن داوڑنے شرکت کی ۔اجلاس میں وزیرستان کی عوام کے مسائل کے حل پر بات چیت کی گئی ۔ شہر یار آفریدی نے کہاکہ تمام ریاستی ادارے وزیرستان کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے میں کردار ادا کریں گے ، نادرا کی جانب سے وزیرستان کے ایک لاکھ اسی ہزار بلاک شناختی کاڈرز بحال کر دئیے گئے ، ایک لاکھ پچپن ہزار بلاک شناختی کی بحالی کا فیصلہ بھی جلد کرلیا جائیگا۔وزیر مملکت نے کہا کہ موبائل دفاتر میں مقامی نوجوانوں اور خواتین کو بھرتی کیا جائے ۔شہریار آفریدی نے پی ٹی ایم کے ایم این ایز کو وزیرستان کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔