لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ ن لیگ مایوسی میں ایسی باتیں کررہی ہے ، ہم کہیں نہیں جارہے ، سیاست میں ایک غیر یقینی صورتحال پیدا کی جارہی ہے ، ایک دو ماہ گزرنے کے بعد یہ دھول بیٹھ جائے گی۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر ہم عوام کو ریلیف دینا شروع ہوتے ہیں تو ان کو کچھ نہیں ملے گا، فیصل واوڈا نے انتہائی غلط بات کی ۔تجزیہ کار انصار عباسی نے کہا وزیراعظم کی طرف سے اسمبلیاں توڑنے کی خبر ایک ہفتے سے ڈسکس ہورہی ہے ،عمران خان کیلئے معیشت اور گورننس بہت بڑے چیلنج ہیں،نوکریاں ملنی چاہئیں، افراط زر، مہنگائی میں کمی ہو ، لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہو ، ڈیڑھ سال میں نوکریاں ملی نہیں بلکہ ختم ہوئی ہیں، جب تک یہ حکومت اپنا رویہ نہیں بدلے گی حالات ٹھیک نہیں ہونگے ۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم ضدچھوڑدیں کہ بزدار کو ہم نے تبدیل نہیں کرنا، غصے کے ساتھ حکومت کرینگے تو نہیں چلے گی۔تجزیہ کار محمد مالک نے کہا اسمبلیاں توڑنے کی بات درست نہیں کیونکہ پی ٹی آئی کی حکومت بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے ، ایسے وقت میں وزیراعظم اسمبلیاں نہیں توڑیں گے ۔ا نہوں نے کہا حکومت نے جو اقدامات کئے ، وہ ٹھیک ہیں لیکن ایسا نہیں ہوتا کہ ایک مریض کو چھ ماہ کی دوائی ایک ہفتے میں ہی دے دیں، حکومت کوچاہئے تھا کہ اس کو بتدریج کرتے ۔تجزیہ کار عمران خان نے کہا اگر عمران خان اسمبلیاں توڑیں گے تو اپوزیشن کہے گی کہ ہمارا توکوئی قصورنہیں ، عمران خان کے خلاف اگر کوئی تحریک آئے گی، وہ سیاسی ہوگی، اسٹیبلشمنٹ کی تحریک نہیں ہوگی، اگر عمران خان نے اپنی حکومت اورخود کوبچاناہے تو کچھ کرنا ہوگا کیونکہ انہیں سہارے نہیں دیئے جائیں گے ، اداروں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ اب بدنامی ان کے گلے پڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا مجھے اس حکومت کے کوئی انقلابی اقدامات نظر نہیں آئے ،ماضی والے روایتی اقدامات ہی اس حکومت نے کئے ۔