کراچی (سٹاف رپورٹر، نیٹ نیوز) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس بار بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔کراچی میں سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں تعلیمی اداروں کو کھولنے ،امتحانات کے شیڈول اور سلیبس کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔اس موقع پر سعید غنی نے کہا کہ ہم کورس کو مزید کم نہیں کرسکتے چاہے ہمیں امتحانات کو ری شیڈول کیوں نہ کرنا پڑے ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس بار امتحا نات ہرصورت ہوں گے ، چاہے آگے ہی کیوں نہ لے جانا پڑیں، کورس کو مزید کم نہیں کر سکتے ، بورڈ امتحانات مزید آگے کرنا پڑے تو کریں گے ، امتحانات سے پہلے بچوں کو پوری تیاری کرانا چاہتے ہیں، تعلیمی اداروں میں 60فیصد نصاب یقینی طور پر پڑھایا جائے ، 60 فیصد نصاب کو مکمل کرائے بغیر امتحانات بھی نہیں لئے جائیں گے چاہے اس کیلئے ہمیں امتحانات ایک سے دو ماہ کے لئے موخر کرنا پڑیں۔