اسلام آباد،کوٹلی،کراچی،پشاور ،کوئٹہ (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل اب زیادہ دور نہیں،حمایت جاری رکھیں گے ، بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے عمران خان نے کہا طاقت کسی مسئلے کا حل نہیں ، نریندر مودی سے کہتا ہوں مسئلہ کشمیر ہمارے ساتھ مل کر حل کریں، 5 اگست کا فیصلہ واپس لیں اور پھر ہم سے بات کریں ۔ عمران خان نے کوٹلی میں یوم یکجہتی کشمیر پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیریوں کی تکالیف کا اندازہ ہے ، کشمیر کی آزادی تک ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتا رہوں گا۔آر ایس ایس کی سوچ نے سب سے زیادہ نقصان ہندوستان پہنچایا اور پہنچائے گا، آج ہندوستان کے کسان نکلے ہوئے ہیں، وہاں مسلمانوں کے حالات سب کے سامنے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرا نریندر مودی کو پیغام ہے کہ یہ ہندوستان کو تقسیم کر کے جو ہندوتوا کی سوچ آپ کو الیکشن تو جتوا دے گی لیکن آپ ہندوستان کی تباہی کی بنیاد رکھ رہے ہیں، میں پھر سے آپ کو کہتا ہوں کہ کشمیر کا مسئلہ ہمارے ساتھ مل کر حل کریں اور اس کے لئے سب سے پہلے آپ نے 5اگست کو آرٹیکل 370 ختم کرنے کا جو قدم اٹھایا تھا، اسے بحال کریں اور پھر ہم سے بات کریں۔ بھارتی فوج نے پلوامہ ڈرامہ کے بعد ہمارے بالا کوٹ میں درختوں کو شہید کیا۔ میں مودی سے دوستی بات کر رہا تھا لیکن یہ ہماری جڑیں کاٹ رہے تھے ، ڈس انفولیب کے ذریعے پتہ چلا کہ بھارت نے 600جعلی اکاوَنٹ بنائے ہوئے تھے ۔اُن کا کہنا تھا کہ تاریخ بتاتی ہے کوئی بھی طاقتور فوج آبادی کیخلاف نہیں جیت سکتی۔اپوزیشن کے لانگ مارچ پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن نے لانگ مارچ کرنا ہے ، کرے میں ان کی مدد کروں گا ، چاہے یہ الٹا بھی لٹک جائیں انہیں این آر او نہیں دوں گا۔ جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی منزل اب زیادہ دور نہیں، پاکستان کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک ان کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت اگر مخلص ہے تو ہم امن کے لئے دو قدم آگے بڑھنے کو تیار ہیں لیکن کسی کو بھی ہماری امن و استحکام کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھنے کی غلطی نہیں کرنی چاہیے ،اﷲ کے علاوہ کسی کا خوف نہیں۔کوٹلی جلسہ اوراسلام آباد ریلی سے خطاب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہماری وجہ سے کشمیر عالمی مسئلہ بن گیا ہے ۔لوک ورثہ میں یوم یکجہتی کشمیر تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرایا جائے ۔ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ یکجہتی کشمیر کے روز بھی مریم نواز بغض عمران میں مبتلا رہیں۔قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دینا ان کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے ۔ دریں اثناکراچی میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کشمیر میں تاریخ کا طویل ترین کرفیو نافذ انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ پشاور میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ فاشسٹ مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کررکھا ہے ۔ بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام اس وقت تک کشمیر کی جدوجہد میں انکا ساتھ دیں گے جب تک ہم بغیر ویزے کے سرینگر میں چائے پینے نہیں جاتے ۔ مظفر آباد (صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کے بھارتی اقدامات خطرناک ہیں، ہندوستان اپنی تباہی کے بٹن دبا رہا۔ان خیالات کااظہار صدر مملکت نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر کے عوام 1947ء سے اب تک بھارت کے غاصبانہ اور جابرانہ قبضہ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ریاست کی ذمہ داری کے ساتھ یہاں کھڑا ہوں۔ پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری ہر شہر میں ہر موقع پرکوشش کرتے ہیں کہ دنیا کی توجہ کشمیر سے نہ ہٹے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت جس طرف جارہا ہے وہ آگ کے ساتھ کھیل رہا ہے ، میں صرف مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی بات نہیں کررہا بلکہ اس نے مسلمانان ہندوستان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا ہے اس سے خطرہ اس بات کا ہے کہ ہندوستان اپنی تباہی کے بٹن دبا رہاہے ۔