ملتان(سپیشل رپورٹر) سابق صدر آصف زرداری سے ضیاء الدین ہسپتال کراچی میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور جنرل سیکرٹری ملتان ضلع رائو ساجد علی نے ملاقات کی، اس موقع پر انکی عیادت کی اور صحت یابی کیلئے دعا کی۔ آصف زرداری نے کہا کہ آج ملک میں ایسی حکومت ہے کہ کسی کو احساس تک نہیں کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے ، عوام کیلئے جو بھی آج آواز بلند کرتا ہے ، اسکی آواز کو دبانے کیلئے غیر قانونی و غیر آئینی حربے استعمال کئے جا رہے ہیں، آج ملک میں ہر طبقہ فکر پریشان و بدحال ہے ،عوام کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا گیا ، حکومتی ٹولہ میں کسی کو احساس تک نہیں کہ غریب کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے کیونکہ انکو پتا ہی نہیں کہ مہنگائی کیا ہوتی ہے ، ملک اس طرح نہیں چل سکتا سلیکٹرز ناکام ہو چکے ہیں۔اب بلاول بھٹو تمام مشکلات کو عبور کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے ۔انہوں نے کہا عوامی طاقت سے پیپلزپارٹی اقتدار میں آئے گی اور عوام بھی جان گئی ہے کہ تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا گیا ۔بعد ازاں خواجہ رضوان عالم اور رائو ساجد علی نے پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما ممبر سندھ اسمبلی فریال تالپور سے بھی ملاقات کی ۔ اس موقع پر فریال تالپور نے کہا آپ جیسے بھائیوں اور پیپلزپارٹی کے تمام کارکنوں کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری رہائی کیلئے جدوجہد کی۔