کراچی (کلچرل رپورٹر) بھارتی فلمی صنعت کی سال 2018 کی سب سے بڑی فلم ’’ ٹھگز آف ہندوستان ‘‘ آئندہ ماہ 8 نومبر کو دنیا بھر میں سنیماؤں کی زینت بن رہی ہے جسکے پاکستانی سنیماؤں میں نمائش کے حقوق معروف ادارے ڈسٹری بیوشن کلب نے حاصل کر لئے ہیں ۔ فلم کی خاص بات بالی ووڈ کے میگا سٹارز امیتابھ بچن اور عامر خان کی ایک ساتھ موجودگی ہے جو اپنے طویل کیرئیر میں پہلی بار اکٹھے پردہ سیمیں پر جلوہ گر ہو رہے ہیں ۔ ڈائریکٹر وجے کرشنا اچاریہ کی ڈائریکشن میں بنائی گئی فلم پروڈکشن لاگت کے لحاظ سے بالی وڈ کی سب سے مہنگی فلم ہے ۔ فلم میں امیتابھ بچن نے ٹھگز کے کمانڈر خدا بخش آزاد کا کردار ادا کیا ہے جبکہ عامر خان نے چالاک فرنگی ملاح کے کردار میں نظر آئیں گے ۔ قطرینہ کیف نے ثریا نامی رقاصہ جبکہ فاطمہ ثنا شیخ نے تیر انداز لڑاکا ٹھگ لڑکی ظفیرہ کا کردار ادا کیا ہے ۔