شارجہ( سپورٹس ڈیسک،92 نیوز رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کو شکست دیکر تاریخ بدل دی ، پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار بھارت کو ہرایا ، پہلے شاہین شاہ آفریدی اور بعد میں اوپنر بابراعظم اور محمد رضوان نے شاندار پرفارمنس سے بھارت کو دس وکٹ سے شکست دی جو ایک ریکارڈ ہے ، اس کے علاوہ میچ میں کئی ریکارڈ بھی ٹوٹ گئے ،پاکستانی اوپنرز نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر اٹھارویں اوور میں حاصل کرلیا ۔ گزشتہ روز ہونے والے ہائی وولٹیج میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بھارت کے خلاف ٹی ٹونٹی میں گرین شرٹس کی بہترین اوپنگ شراکت بنادی، یہ بھارت کے خلاف کسی بھی ملک کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے ۔پاکستانی اوپنر کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے بھارت کے خلاف 152 رنز کی پارٹنر شپ بنائی ،اس سے قبل پاکستان کی انڈیا کے خلاف بہترین شراکت کا ریکارڈ 106 رنز تھا جو 2012 میں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ پر 106 رنز بنائے تھے ۔پاکستان نے بھارت کے 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا ہے ۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے ، جواب میں پاکستان نے 152 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان پر 17.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو محمد رضوان نے بھوونیشور کمار کو چوکا اور چھکا لگا کر ان کا استقبال کیا۔ کپتان بابراعظم نے 52 گیندوں پر دو چھکوں اور چار چکوں کی مدد سے ناقابل شکست68 جبکہ محمد رضوان نے 55گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست79 رنز بنائے ، اس سے قبل بھارت نے پاکستان کیخلاف سات وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے ۔دبئی میں کھیلے گئے پاک بھارت میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پہلے اوور میں شاہین شاہ نے بھارتی اوپنر روہت شرما کو صفر پر پویلین بھیج دیا،کے ایل راہول3 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے ۔ بھارت کی تیسری وکٹ 31 رنز پر گری جب حسن علی نے سوریا کمار کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور وکٹ کیپر رشبھ پنٹ کے درمیان 53 رنز کی شراکت ہوئی تاہم بھارتی ٹیم کا سکور 84 رنز پر پہنچا تو پنٹ 39 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے ۔ اس کے علاوہ رویندرا جڈیجا 13 اور پانڈیا 11 رنز بناسکے ۔ بھارتی کپتان ویرات کوہلی 57 اور رشبھ پنٹ 39 رنز بناکر نمایاں رہے ۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 ،حسن علی نے 2 ، شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی ،تین وکٹیں لینے پر شاہین شاہ آفریدی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ ہم نے بھارت کے خلاف میچ جیت کرورلڈ کپ میں ہارنے کی روایت کوتوڑا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اللہ کا شکرہے کہ ہم بھارت کے خلاف میچ جیت گئے پلان کے مطابق کھیلے اوربہترین نتائج آئے ۔بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان نے اچھی بائولنگ کی، اچھا سٹارٹ نہیں لے سکے ۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ابھی ٹورنامنٹ کا آغازہے آگے اچھا پرفارم کرینگے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے خوشی کے لمحات دینے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اپنے ایک ٹویٹ میں رمیز راجہ نے کہا کہ یہ پہلی اور شاندار فتح ہے اور ابھی سفر کا آغاز ہوا ہے ۔ تمام پاکستانیوں کیلئے یہ فخر کے لمحات ہیں اور خوشی کے یہ لمحات دینے پر کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔