لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہورہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ہفتے میں دو روز ملاقات کی اجازت کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ قائم مقام چیف جسٹس مامون الرشید شیخ نے مریم نواز کی درخواست پر جاری تحریری حکم نامہ میں قرار دیا ڈاکٹر عدنان نواز شریف کی فیملی کے ساتھ ہفتے میں ایک دفعہ سابق وزیر اعظم سے ملاقات کر سکتے ہیں جبکہ ملاقات کے بعد نواز شریف کے ذاتی معالج سیاسی بیان بازی نہیں کریں گے ۔ عدالت نے واضح کیا ڈاکٹر عدنان سابق وزیراعظم کا جیل میں میڈیکل چیک اپ کر سکتے ہیں، عدالت نے کیس پر مزید کارروائی موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہونے تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرورچودھری اورجسٹس وحید خان پر مشتمل بنچ نے تحریک لبیک کے پیر افضل قادری کی طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت میں یکم اگست تک توسیع کر دی اور سرکار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے ملزم کو تمام میڈیکل رپورٹس کو متفرق درخواست کے ذریعے ریکارڈ کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کردی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ متعدد موذی امراض میں مبتلا ہیں، 3روزتک سڑکوں کی بندش کرکے آئین کومعطل کرنیکی کوشش کا الزام لگایا گیا ، درخواست گزار کا تحریک لبیک پاکستان سے کوئی تعلق نہیں رہا جبکہ ملزم نے فوج اور عدلیہ سے تحریری طور پر معافی بھی مانگ لی ہے ،عدالت پیر افضل قادری کی رہائی کا حکم دے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن انکوائری میں نامزد ملزم وسیم اجمل کی قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے نیب کو انہیں 29 جولائی تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔