لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر صنعت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مہنگائی اور ہڑتال کے پیچھے کون ہے اس کودیکھناپڑے گا،میں تاجربرادری کے تمام تر تحفظات کو دورکرنے کی کوشش کی لیکن چند شر پسند عناصر اس کے باوجود انہیں ہڑتال کی طرف لے گئے ۔پروگرام 92ایٹ 8 میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ اس میں ن لیگ کی لیڈر شپ پیش پیش رہی اور بعض کو تو فون کرکے کہا کہ ہڑتال کی جائے ،حالانکہ تاجربرادری ٹیکس نیٹ میں آنے کیلئے تیارتھی۔ انہوں نے کہا کہ اگر برطانوی اخبار نے انہیں بدنام کیا ہے تو یہ اس کے خلاف کیس کریں انہیں کس نے روکا ہے ۔ن لیگ کی رہنما تہمینہ دولتانہ نے کہا ہے کہ ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہے ، موجودہ حکومت سے کچھ نہیں ہورہاہے یہ ہرکام کرنے میں خودکفیل ہیں، جب یہ حکومت پکڑ دھکڑ کریگی تو کیا پھر اس ملک میں کوئی انڈسٹری لگے گی نوازشریف کے دو رمیں پرامن ماحول کی بدولت سرمایہ کاروں نے انڈسٹریاں لگائیں ،حکومت نے ن لیگ کی پکڑ دھکڑشروع کررکھی ہے مجھے پندرہ سال پہلے کی ا یف آئی آ ر پر نوٹس بھیجا گیا ہے ہم سارے لوگ اپنے ملک کیلئے جیل جانے کیلئے تیارہیں۔پیپلزپارٹی کے رہنما عاجز دھامرا نے کہا ہے کہ حکومتی ترجمانوں نے لگتا ہے کہ احتساب کابیڑا اٹھا رکھا ہے وہ اداروں کی ترجمانی کرتے نظر آتے ہیں جو ہمارے موقف کی سچائی ہے لیکن جب یہ سوال اپوزیشن کرتی ہے تو حکومت ناراض ہوجاتی ہے ۔ حکومت یہ کہہ رہی ہے کہ ادارے احتساب کررہے ہیں تو پھر یہ حکومت بتائے کہ اس نے ایک سال میں کیا کیا ہے ۔ یہ اپنی ایک سال کی کاگزاری کیا رہی ہے وہ قوم کو بتادیں۔