اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے آئی ایم ایف سے قرضہ لینا ملکی معیشت پر کاری ضرب ہو گی۔آئی ایم ایف کا نسخہ استعمال کرنے والے کسی ملک نے ترقی نہیں کی بلکہ ان کی معیشت بیٹھ گئی کیونکہ یہ کسی ترقی پزیر ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا ہوتانہیں دیکھ سکتا۔اگر آئی ایم ایف کی ہدایات اور مانیٹرنگ کی کوئی اہمیت ہوتی تو پاکستان سمیت قرضے لینے والے تمام ممالک کا یہ حال نہ ہوتا۔حکومت دیگر ذرائع سے قرضہ لینے کی کوشش کرے ۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کے قرضوں سے ملک و قوم کے بجائے اشرافیہ کی ترقی ہوتی ہے اس لئے اس سلسلہ کو جتنی جلدی بند کیا جائے بہتر ہو گا۔انھوں نے کہا کہ صرف ن لیگ نے ہی خزانہ خالی نہیں چھوڑا بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ق لیگ نے بھی اپنے دور حکومت میں یہی کارنامہ سرانجام دیا جس سے انکی ملک اور عوام میں دلچسپی کا پتہ چلتا ہے ۔سیاستدانوں کی اکثریت نے الیکشن سے قبل خزانہ خالی کرنا اپنا پیدائشی حق سمجھا ہوا ہے ۔