لاہور سے روزنامہ 92نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کے قانون ’’الیون ٹیٹرا ای۔اے ٹی اے کو بحال کرنے کے لئے اس میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس اہم ترین قانون میں دوسری بار ترمیم کا فیصلہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کی مستقل بیخ کنی کے علاوہ ملک و قوم کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔ ترمیم کی صورت میں ایم پی او۔ 3کے تحت قید کیے جانے والے افراد کو جیل میں دو سال اس طرح بند رکھا جا سکے گا کہ وہ سورج بھی نہ دیکھ سکیں گے، ملک کو درپیش موجودہ اندرونی و بیرونی صورتحال کا تقاضا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پرپوری روح کے ساتھ عمل درآمد کرایا جائے اور ’’سن سیٹ کلوز‘‘ جیسے غیر فعال قوانین کو بذریعہ ترامیم بحال اور فعال کیا جائے۔ متعلقہ اداروں، صوبوں کو بھی چاہیے کہ وہ الیون ٹیٹرا ای۔ اے ٹی اے بحالی کے لیے وفاقی حکومت کو اپنی تجاویز مقررہ مدت کے اندر بھیجیں تا کہ ایسے قوانین میں ترمیم کے ذریعہ انہیں جلد فعال کیا جا سکے۔ دنیا بھر میں ریاستوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کوئی بھی ایسا قانون نافذ کر سکتی ہیں جہاں امن عامہ متاثر ہو رہا ہو۔ متذکرہ قانون کی بحالی سے نہ صرف نقص امن کے مسائل حل ہونگے بلکہ اس کے ذریعے تخریب کار عناصر کو بھی سزا دینے اور ان کی بیخ کنی میں مدد ملے گی جو ریاستی رٹ کو چیلنج کر کے امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنے کا باعث بنتے ہیں۔