لاہور( آن لائن )پاکستان کار پٹ مینو فیکچررز اینڈایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافے کے لئے جرمنی میں منعقدہ ’’ڈومو ٹیکس‘‘ جیسی نمائشوں میں پاکستان کی نمائندگی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے اور حکومت اس کے لئے جامع پالیسی مرتب کرے ،مذکورہ نمائش میں بھارت کے برآمدکنندگان کی جانب سے تقریباً300سٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ مالی معاونت کی شرح کم ہونے کی وجہ سے پاکستان کے سٹالز کی تعداد اس کے مقابلے میں انتہائی کم ہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان ،میجر (ر) اخترنذیر ، محمد اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔محمد اسلم طاہر نے کہا کہ جرمنی میں منعقدہ ’’ ڈوموٹیکس ‘‘ نمائش میں کارپٹ ایسوسی ایشن کا وفد بھی شریک ہے جو دنیا بھر سے آنے والے خریداروں اورمندوبین سے ملاقاتیں کرے گا جس سے ہماری برآمد ی انڈسٹری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی نمائشیں پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا موثر ذریعہ ہیں اور حکومت کو اس سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ برآمد کنندگان کی شرکت کویقینی بنانا چاہیے ۔