لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احمد عزیز تارڑ نے رات گئے فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبے کا اچانک دورہ کیا اورمنصوبے پر رات کے وقت جاری کام کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین نے انہیں منصوبے پر جاری کام کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کا 65 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے ۔ انڈر پاس کی چھت تعمیر کرنے کے لئے کنکریٹ ڈالنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل نے بارشی پانی کے نکاس کے لیے کنوئیں کھودنے کے کام کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے انڈر پاس کا ریمپ بنانے کے لئے تیزی سے جاری کھدائی (Excavation) کے کام کا بھی جائزہ لیا۔انڈر پاس کی 880پائلوں کے علاوہ اس کی۔350 میٹر طویل ریٹیننگ وال بھی تعمیر کر لی گئی ہے ۔ واسا کی طرف سے 18 انچ ڈایا میٹر کی نئی سیوریج لائن بچھانے کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔ منصوبہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں مکمل کرنے کے لیے دن رات کام جاری ہے ۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے منصوبے پر جاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔